Back to Approved List Submit New
✨ Approved Transcription

شرح الجامي · dars-179

Version 1 · Text format · 📄 Original
👤 Contributor محمد ساجد اکرم
📍 Location پاکپتن, Pakistan
📅 Approved Date 13 Nov 2026
📄 File Type TEXT
Status ★★★★★ Excellent
👁️ Total Views 144
📂 Choose Format:
⭐ ★★★★★ Excellent TEXT
📝

Transcription Content

Download TEXT TEXT
آگے سبق دیکھیے بھئی۔ ”وَالْعَطْفُ عَلَى اسْمِ لَا الْمَبْنِيِّ إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ نَكِرَةً بِلَا تَكْرِيرِ لَا فِي الْمَعْطُوفِ، فَإِنَّهُ إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ مَعْرِفَةً وَجَبَ رَفْعُهُ نَحْوَ: لَا غُلَامَ لَكَ وَالْفَرَسُ، وَإِذَا كَانَ لَا مُكَرَّرًا فِي الْمَعْطُوفِ فَحُكْمُهُ مَا عُلِمَ فِي قَوْلِهِ: لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ، فِيمَا سَبَقَ بِأَنْ يُحْمَلَ عَلَى اللَّفْظِ أَيْ لَفْظِ اسْمِ لَا الْمَبْنِيِّ وَيُجْعَلَ مَنْصُوبًا، وَبِأَنْ يُحْمَلَ عَلَى الْمَحَلِّ وَيُجْعَلَ مَرْفُوعًا جَائِزٌ، وَلَا يَجُوزُ فِيهِ الْبِنَاءُ لِمَكَانِ الْفَصْلِ بِالْعَاطِفِ“۔ بھئی گزشتہ سبق میں لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے، اس کے توابع کے بارے میں صاحب کافیہ نے تفصیل شروع کی تھی۔ صاحب کافیہ نے آپ کو بتلایا کہ لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے، اس کی پہلی صفت مبنی ہوگی اس حال میں کہ وہ مفرد ہو یعنی مضاف یا مشابہ مضاف نہ ہو، اور نیز وہ اس موصوف کے ساتھ یعنی مبنی کے ساتھ وہ صفت ملی ہوئی ہو، مبنی ہوگی۔ اور نیز کبھی کبھار وہ صفت معرب ہوگی اور معرب ہونے کی صورت میں اس پر رفع بھی پڑھ سکتے ہیں اور نصب بھی پڑھ سکتے ہیں۔ رفع پڑھیں گے اس کے محل بعید پر حمل کرتے ہوئے کیونکہ لائے نفی جنس کا اسم اصل میں مبتدا تھا۔ اور نصب پڑھیں گے اس لائے نفی جنس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے کیونکہ اس وقت اگرچہ اس پر فتحہ ہے، لیکن یہ فتحہ بھی نصب کی طرح ہے کیونکہ یہ عامل کی وجہ سے آیا ہے، تو اس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے صفت پر نصب بھی جائز ہے، یا اس کے محل قریب پر حمل کرتے ہوئے صفت میں نصب جائز ہے۔ کیونکہ محل قریب کیا ہے؟ لا کا اسم لا کی وجہ سے منصوب ہوتا ہے، لا نصب دیتا ہے۔ تو معلوم ہوا، حاصل کلام یہ ہوا کہ لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے، اس کی صفت کو مبنی پڑھنا بھی جائز اور اس کو معرب پڑھنا بھی جائز۔ مبنی تب ہوگی جب اس میں تین شرطیں پوری ہوں۔ پہلی شرط یہ کہ وہ پہلی صفت ہونی چاہیے، دوسری یا تیسری صفت نہیں ہونی چاہیے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ وہ صفت مفرد ہونی چاہیے یعنی مضاف یا مشابہ مضاف نہیں ہونی چاہیے۔ اور تیسری شرط یہ ہے کہ وہ صفت اپنے موصوف یعنی اس لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہے اس کے ساتھ ملی ہوئی ہو، درمیان میں فصل نہ ہو بھئی۔ تو اس صورت میں اس پہلی صفت کو مبنی پڑھنا بھی جائز ہے۔ لہٰذا ”لَا رَجُلَ ظَرِيفَ فِي الدَّارِ“، تو ”لَا رَجُلَ ظَرِيفَ“، دیکھو ظریف کو مبنی علی الفتح بھی پڑھنا جائز ہے۔ اور اس کو معرب بھی پڑھ سکتے ہیں، تو اس صورت میں ”لَا رَجُلَ ظَرِيفٌ“ بھی پڑھ سکتے ہیں اور ”لَا رَجُلَ ظَرِيفًا“ بھی پڑھ سکتے ہیں۔ تو اس کو مبنی کیوں پڑھا جائے گا؟ تو صاحب جامی نے اس کی وجہ بیان کی تھی۔ وجہ یہ کہ یہ موصوف کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے، موصوف کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے، اس لیے کیونکہ یہ صفت ہے مبنی کی۔ اور موصوف صفت کے درمیان معنی کے اعتبار سے بھی اتحاد ہوتا ہے اور لفظوں کے اعتبار سے بھی اتصال ہوتا ہے۔ معنی کے اعتبار سے اتحاد کا یہ معنی ہے کہ دونوں شے واحد کے، دونوں ایک ہی شے سے عبارت ہیں۔ جیسے مثلاً میں کہتا ہوں ”جَاءَنِي رَجُلٌ عَالِمٌ“، تو ”رَجُلٌ“ موصوف ہے اور ”عَالِمٌ“ اس کی صفت، اور یہ دونوں شے واحد ہی ہیں۔ جو رجل ہے وہی عالم بھی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ رجل کی ذات اور ہے اور عالم کی ذات اور، تو دونوں کا مصداق ایک ہی ہے، دونوں ایک ہی ذات پر صادق آتے ہیں۔ تو گویا دونوں شے واحد ہوئے، دونوں میں اتحاد آ گیا موصوف اور صفت میں۔ اور نیز لفظوں میں بھی اتصال ہوتا ہے کہ موصوف کے ساتھ متصلاً جو ہے صفت لائی جاتی ہے اور نہایت ہی نادر ہے کہ موصوف صفت کے درمیان فصل کر دیا جائے۔ تو موصوف صفت میں معنی کے اعتبار سے بھی اتحاد ہے اور لفظوں کے اعتبار سے بھی اتصال ہے، اور نیز اس لیے کیونکہ یہ جو نفی داخل ہوئی ہے موصوف پر یہ حقیقت میں اس صفت ہی کی طرف متوجہ ہے، کیونکہ میں نے آپ کو ضابطہ بتلایا تھا کہ مقید پر جب نفی داخل ہو تو وہ قید کی طرف متوجہ ہوتی ہے۔ مثلاً آپ کہتے ہیں ”لَا آكُلُ خُبْزًا بَارِدًا“، ”خُبْزًا“ موصوف ہے اور ”بَارِدًا“ اس کی صفت۔ ”لَا آكُلُ خُبْزًا بَارِدًا“، میں ٹھنڈی روٹی نہیں کھاؤں گا۔ تو اب دیکھو اس کے اندر مطلقاً روٹی کھانے کی نفی نہیں ہو رہی، یعنی وہ جو مقید ہے خبز اس کی نفی نہیں ہو رہی، بلکہ اس کی جو صفت ہے اس کی نفی ہو رہی ہے کہ ٹھنڈی روٹی نہیں کھاؤں گا۔ معلوم ہوا ٹھنڈی نہ ہو تو کھا لوں گا۔ معنی سمجھ میں آیا؟ یا اسی طرح آپ کہتے ہیں ”لَا رَجُلَ ظَرِيفَ فِي الدَّارِ“، کوئی خوش مزاج آدمی اس گھر میں نہیں ہے۔ اب رجل موصوف ہے اور ظریف اس کی صفت ہے اور یہاں لا داخل ہوا، تو یہ لا یعنی جو نفی ہے یہ متوجہ ہوئی ظریف کی طرف، تو آپ کے کہنے کا یہ مطلب ہے کہ اس گھر میں کوئی خوش مزاج نہیں ہے، آپ کے کہنے کا یہ معنی نہیں ہے کہ اس گھر میں کوئی آدمی ہی نہیں ہے۔ تو آپ نے خوش مزاج آدمی کے ہونے کی نفی کی ہے، مطلقاً آدمی کے ہونے کی نفی نہیں کی۔ تو دیکھو معلوم ہوا یہ جو نفی داخل ہوئی ہے موصوف پر یہ حقیقت میں اس صفت ہی کی طرف متوجہ ہے۔ تو موصوف صفت میں معنی اور لفظوں کے اعتبار سے اتحاد و اتصال بھی ہے اور نفی بھی صفت کی طرف متوجہ ہے، تو لہٰذا اس صفت کو بھی مبنی علی الفتح پڑھ سکتے ہیں۔ جیسے موصوف پر نفی داخل ہوئی ہے اور وہ ساتھ بھی ملا ہوا ہے، نکرہ بھی ہے اور مضاف یا مشابہ مضاف نہیں ہے تو وہ مبنی علی الفتح ہے، تو یہی چیز ساری چیزیں اب صفت میں بھی ہیں۔ موصوف پر نفی داخل ہے تو یوں سمجھو صفت پر ہی داخل ہے، اور نیز صفت نکرہ بھی ہے ظریف، اور نیز صفت کیا ہے، مضاف یا مشابہ مضاف بھی نہیں، تو تینوں شرطیں پوری ہوئیں۔ لہٰذا اس کو بھی مبنی علی الفتح پڑھ سکتے ہیں اور یوں کہہ سکتے ہیں ”لَا رَجُلَ ظَرِيفَ فِي الدَّارِ“۔ پھر یہاں پر ایک اشکال ہوتا تھا ”لَا مَاءَ مَاءَ بَارِدًا“۔ دیکھو اس کے اندر یہ مائے اول جو ہے یہ لائے نفی جنس کا اسم ہے، یہ نکرہ بھی ہے ساتھ بھی ملا ہوا ہے لیکن مضاف یا مشابہ مضاف نہیں اس لیے یہ مبنی علی الفتح ہے۔ اور آگے مائے جو ہے یہ اس کی تاکید لائی گئی، اور تاکید پر وہی اعراب آتا ہے جو مؤکد پر آتا ہے۔ تو لہٰذا ”لَا مَاءَ مَاءَ بَارِدًا“ اس کے اندر یہ جو مائے ثانی ہے یہ اول کی تاکید ہے۔ اس کو اول کی طرح مبنی علی الفتح بھی پڑھ سکتے ہیں ”لَا مَاءَ مَاءَ بَارِدًا“، اور آپ چاہیں اس پر رفع پڑھ دیں ”لَا مَاءَ مَاءٌ بَارِدًا“، اور آپ چاہیں تو اس پر نصب پڑھ دیں ”لَا مَاءَ مَاءً بَارِدًا“۔ توجہ ہے؟ جیسے صفت کے اندر تین صورتیں تھیں، پہلی صفت کے اندر تین صورتیں تھیں، جب وہ ساتھ بھی ملی ہوئی ہو، مفرد بھی ہو اور پہلی صفت ہو، تو پھر اس کو مبنی بھی پڑھ سکتے ہیں اور رفع اور نصب بھی۔ اسی طرح یہ جو نکرہ تاکید آ گئی ”لَا مَاءَ مَاءَ بَارِدًا“، اس مائے ثانی کے اندر بھی مَاءَ بھی پڑھنا صحیح، مَاءٌ پڑھنا بھی صحیح اور مَاءً پڑھنا بھی صحیح، اور یہ تاکید ہے۔ تو اصل میں لائے نفی جنس کا اثر جو ہے وہ مائے اول کے اندر ہے، مائے اول ہے متبوع اور مائے ثانی کیا ہے تابع، تابع بھئی۔ اور آگے جو بَارِدًا آئی یہ صفت آئی ہے مائے ثانی کی یعنی تابع کی صفت ہے، اور اس صفت کے اندر صرف رفع اور نصب جائز ہے۔ آپ بَارِدًا بھی پڑھ سکتے ہیں بَارِدٌ بھی پڑھ سکتے ہیں، لیکن اس کو مبنی علی الفتح نہیں بنا سکتے۔ توجہ ہے؟ یہ بَارِدًا صفت ہے مائے ثانی کی یعنی تابع کی، اور اس کے اوپر آپ رفع بھی پڑھ سکتے ہیں نصب بھی پڑھ سکتے ہیں لیکن اس کو مبنی علی الفتح نہیں بنا سکتے۔ تو یہاں اشکال ہوتا ہے کہ دیکھو اس بَارِدًا کے اندر تینوں شرطیں جو آپ نے ذکر کی تھیں متن کے اندر، وہ ساری شرطیں یہاں پوری ہیں۔ صاحب کافیہ نے شروع میں کیا فرمایا؟ ”نَعْتُ الْمَبْنِيِّ“، وہ صفت کس کی ہونی چاہیے؟ مبنی کی، اور یہ مائے ثانی کو آپ نے مبنی پڑھا ہے تو یہ بَارِدًا مبنی کی صفت ہوئی۔ اور نیز کہا تھا وہ پہلی صفت ہو، تو یہ بَارِدًا بھی ماء کی پہلی صفت ہے۔ اور نیز کہا تھا وہ مفرد ہو یعنی مضاف یا مشابہ مضاف نہ ہو، یہ بَارِد بھی اسی طرح ہے۔ اور نیز کہا تھا کہ ساتھ ملی ہوئی ہو وہ صفت موصوف کے، اور یہاں بھی بَارِدًا مَاءَ کے ساتھ یہ صفت ملی ہوئی ہے۔ تو دیکھو یہ ساری چیزیں یہ سارا کچھ تو اس پر صادق آ رہا ہے، ساری شرطیں اس کے اندر پوری ہیں، تو اس کے اندر بھی فتحہ جائز ہونا چاہیے تھا لیکن علمائے نحو کیا فرماتے ہیں؟ اس بَارِدًا کے اندر رفع اور نصب تو جائز ہے لیکن فتحہ جائز نہیں ہے۔ تو اس کا بھی جواب دیا صاحب جامی نے کہ یہ جو انہوں نے کہا شروع میں ”وَنَعْتُ الْمَبْنِيِّ“ مبنی کی صفت، اس سے وہ والا مبنی مراد ہے جو اصالۃً مبنی ہو یعنی جو اصل کے اعتبار سے مبنی ہے، تابع ہونے کے اعتبار سے جو مبنی ہے وہ مراد نہیں۔ تو پہلا ماء جو ہے وہ ہے لائے نفی جنس کا اسم، وہ اصالۃً مبنی ہے، وہ اصل کے اعتبار سے مبنی ہے، لا نے اس میں اپنا اثر دکھایا ہے۔ اور جو مائے ثانی ہے وہ تو تبعاً یعنی وہ اول کا تابع ہے۔ تو متن جہاں شروع ہوا تھا ”وَنَعْتُ الْمَبْنِيِّ“ وہ مبنی کی صفت، اس مبنی سے کون سا مبنی مراد ہے؟ وہ مبنی جو اصالۃً مبنی ہو، تبعاً مبنی مراد نہیں ہے۔ اور یہاں پر یہ مائے ثانی یہ تو اصالۃً مبنی نہیں ہے یہ تو تبعاً مبنی ہے، لہٰذا اس کی صفت تعریف سے نکل گئی بھئی، یہ صفت مراد نہیں ہے۔ اور نیز اگر اس بَارِدًا کو مائے اول کی صفت بنا دیں، کس کی؟ مائے اول کی صفت بنا دیں تو بھی اس پر فتحہ نہیں پڑھ سکتے، اس لیے کیونکہ پھر تو درمیان میں فصل آ گیا۔ کیا آ گیا؟ مائے ثانی کا درمیان میں فصل آ گیا۔ دیکھو اگر اس کو مائے اول کی صفت بنائیں تو پھر بھی یہ مبنی کی صفت ہے، پہلی بات بھی پوری۔ دوسری، یہ پہلی صفت ہے۔ تیسری بات کہ یہ مفرد ہے مضاف یا مشابہ مضاف نہیں، یہ بات بھی پوری ہو، یہ شرط بھی پوری ہے۔ اور لیکن چوتھی شرط یہ تھی کہ یلیہ اس کے ساتھ ملی ہوئی ہو، یہ شرط پوری نہیں۔ تو لہٰذا تو اگر اول کے لیے بھی صفت بنا دیں تو بھی اس پر فتحہ نہیں پڑھ سکتے۔ تو وہ لائے نفی جنس جو مبنی ہوتا ہے، اس کی پہلی صفت ہو، مفرد ہو اور ساتھ ملی ہوئی ہو تو اس کو مبنی بھی پڑھ سکتے ہیں اور اس کو معرب بھی پڑھ سکتے ہیں۔ اور معرب پڑھیں گے تو رفع بھی پڑھ سکتے ہیں اس کے محل بعید پر حمل کرتے ہوئے، اور نصب بھی پڑھ سکتے ہیں اس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے یا اس کے محل قریب پر حمل کرتے ہوئے۔ جیسے ”لَا رَجُلَ ظَرِيفَ“ اور ”لَا رَجُلَ ظَرِيفٌ“ اور ”لَا رَجُلَ ظَرِيفًا“ تینوں طرح پڑھ سکتے ہیں۔ اور اگر ایسا نہ ہو یعنی صفت ایسی نہ ہو، یعنی اس میں یہ تینوں شرطیں پوری نہ ہوں، پہلی صفت نہ ہو یا مفرد نہ ہو یا ساتھ ملی ہوئی نہ ہو، تو اس صورت میں پھر اس پر اعراب ہی پڑھیں گے، اس کو مبنی علی الفتح نہیں پڑھ سکتے۔ اور اعراب کی پھر وہی دو صورتیں ہیں، رفع بھی پڑھ سکتے ہیں محل بعید پر حمل کرتے ہوئے اور نصب بھی پڑھ سکتے ہیں لفظوں پر حمل کرتے ہوئے یا محل قریب پر حمل کرتے ہوئے۔ اور میں نے آپ کو پھر یہ بھی بتلایا تھا کہ یہ جو صفت کی بات چل رہی ہے یہ اس لائے نفی جنس کے اسم کی صفت ہے جو مبنی ہوتا ہے۔ اور لائے نفی جنس کا اسم کبھی منصوب بھی ہوتا ہے، منصوب، جیسے ”لَا غُلَامَ رَجُلٍ“۔ ”لَا غُلَامَ رَجُلٍ“، یہ غُلَام مضاف رَجُلٍ مضاف الیہ۔ یہ لا کا اسم منصوب ہے۔ آپ نے پڑھا تھا لائے نفی جنس کے اسم میں تین شرطیں پائی جائیں تو وہ منصوب ہوتا ہے، کہ وہ لا کے ساتھ ملا ہوا ہو، نکرہ ہو اور مضاف یا مشابہ مضاف ہو تو وہ منصوب ہوتا ہے۔ ”لَا غُلَامَ رَجُلٍ“، یہ غُلَام بھی کیا ہے؟ لا کے ساتھ ملا ہوا ہے، نکرہ بھی ہے کیونکہ نکرہ کی اضافت نکرہ کی طرف ہو تو بھی وہ نکرہ ہی رہتا ہے، اور نیز مضاف بھی ہے تو یہ منصوب ہے۔ اس کی اگر آپ صفت لائیں گے تو یاد رکھو صاحب کافیہ کا مذہب یہ ہے کہ یہ اسم جب خود منصوب ہے تو صفت پر بھی صرف نصب ہی جائز ہے کیونکہ معرب کی صفت اس کے اعراب کے تابع ہوتی ہے، اعراب کے مطابق ہوتی ہے۔ فاعل کیا ہوتا ہے؟ مرفوع، تو صفت بھی کیا ہوتی ہے؟ مرفوع۔ مفعول منصوب ہوتا ہے تو صفت بھی کیا ہوتی ہے؟ منصوب۔ تو جو معرب ہوتا ہے اس کی صفت اس کے اعراب کے اندر اس کے تابع ہوتی ہے، لہٰذا ”لَا غُلَامَ رَجُلٍ ظَرِيفًا فِي الدَّارِ“، یہاں ظَرِيفًا ہی پڑھ سکتے ہیں ظَرِيفٌ نہیں پڑھ سکتے۔ جبکہ اور نحوی علماء فرماتے ہیں کہ نہیں، اس کے اندر بھی ظَرِيفٌ اور ظَرِيفًا دونوں پڑھ سکتے ہیں۔ ”لَا غُلَامَ رَجُلٍ ظَرِيفٌ ظَرِيفًا“ اور ”فِي الدَّارِ“ آگے خبر آ جائے گی۔ لیکن صاحب کافیہ کا مذہب یہی ہے کہ یہ چونکہ یہ اسم منصوب ہے تو صفت بھی منصوب ہی آئے گی، اور اسی کو ترجیح دی ہے صاحب جامی نے بھی۔ بات سمجھ میں آ گئی؟ اب آئیے آج کے سبق پر۔ دیکھیے بھئی، کہتے ہیں ”وَالْعَطْفُ عَلَى اسْمِ لَا الْمَبْنِيِّ إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ نَكِرَةً بِلَا تَكْرِيرِ لَا فِي الْمَعْطُوفِ“۔ بھئی پہلے متن متن دیکھیے۔ کہتے ہیں ”وَالْعَطْفُ عَلَى اللَّفْظِ وَعَلَى الْمَحَلِّ جَائِزٌ، مِثْلُ: لَا أَبَا وَابْنًا وَابْنٌ“۔ مل گیا متن بھئی؟ ”وَالْعَطْفُ عَلَى اللَّفْظِ وَعَلَى الْمَحَلِّ جَائِزٌ“۔ بھئی لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے، اس کے توابع کی بات چل رہی ہے۔ تو لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے، اس کے توابع کا حکم باقی توابع سے ذرا الگ تھا، اس لیے صاحب کافیہ اس کو یہاں بیان کر رہے ہیں۔ صفت کا بیان گزر گیا۔ لائے نفی جنس کا اسم مبنی علی الفتح ہو، اس کی صفت کو کیسے پڑھنا ہے تفصیل گزر گئی۔ اب لائے نفی جنس کا اسم جب مبنی ہو اور اس پر جب عطف کیا جائے تو اس کو کس طرح پڑھیں گے؟ جیسے آپ کہتے ہیں ”لَا غُلَامَ وَفَرَسَ“، فرس کا میں عطف کرنا چاہتا ہوں غلام پر۔ تو ”لَا غُلَامَ“ یہ تو مبنی علی الفتح ہے، اور فرس کا اس پر عطف کرنا چاہتا ہوں۔ تو یاد رکھو آپ کو صاحب کافیہ بتلائیں گے کہ یہاں فرس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے نصب پڑھنا بھی جائز ”لَا غُلَامَ وَفَرَسًا لَكَ“، اور آپ چاہیں تو محل پر حمل کرتے ہوئے ”وَفَرَسٌ“ بھی پڑھ سکتے ہیں ”لَا غُلَامَ وَفَرَسٌ“۔ توجہ ہے؟ تو جب لائے نفی جنس کا اسم مبنی ہو اور اس پر آپ عطف کرنا چاہتے ہوں، تو لفظوں پر حمل کرتے ہوئے نصب پڑھنا بھی جائز اور محل پر حمل کرتے ہوئے رفع بھی جائز ہے۔ ”لَا غُلَامَ“ یہ تو غلام تو ہے مبنی علی الفتح، اور آگے ”وَفَرَسًا“ ”وَفَرَسٌ“ دونوں طرح پڑھ سکتے ہیں۔ جیسے آگے متن میں مثال بھی آئے گی ”لَا أَبَا وَابْنًا وَابْنٌ“۔ دیکھو، دیکھو ”لَا أَبَا“ یہ اب کیا ہے؟ لائے نفی جنس کا اسم ہے۔ اس پر آپ عطف کرنا چاہتے ہیں ابن کا، تو ”اِبْنٌ“ رفع کے ساتھ بھی پڑھ سکتے ہیں اور ”اِبْنًا“ نصب کے ساتھ بھی پڑھ سکتے ہیں۔ ”اِبْنٌ“ رفع پڑھیں گے کیوں؟ لائے نفی جنس کا جو اسم ہے اس کے محل بعید پر حمل کرتے ہوئے کیونکہ وہ مبتدا ہے اصل کے اعتبار سے۔ اور نصب پڑھیں گے کس پر حمل کرتے ہوئے؟ اس لائے نفی جنس کے اسم کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے یا یوں کہیں اس کے محل قریب پر حمل کرتے ہوئے نصب بھی پڑھ سکتے ہیں۔ تو ”لَا أَبَا وَابْنٌ“ بھی پڑھ سکتے ہیں اور ”لَا أَبَا وَابْنًا“ بھی پڑھ سکتے ہیں۔ توجہ ہے؟ ابن کا ہمزہ وصلی ہے تو درمیان عبارت میں گر جائے گا، تو ملا کر یوں پڑھیں گے ”لَا أَبَا وَابْنًا“، ”لَا أَبَا وَابْنًا“، یہ میں نے نصب پڑھا، اور آپ چاہیں تو رفع پڑھ لیں ”لَا أَبَا وَابْنٌ“۔ طریقہ سمجھ میں آ گیا؟ اب دیکھیے ذرا متن متن۔ کہتے ہیں ”وَالْعَطْفُ عَلَى اللَّفْظِ وَعَلَى الْمَحَلِّ جَائِزٌ“، اور لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے اس پر عطف کرنا ”عَلَى اللَّفْظِ“ لفظوں پر حمل کرتے ہوئے ”وَعَلَى الْمَحَلِّ“ اور محل پر حمل کرتے ہوئے ”جَائِزٌ“ جائز ہے۔ لفظوں پر حمل کرتے ہوئے نصب بھی جائز اور محل پر حمل کرتے ہوئے رفع بھی جائز ہے بھئی۔ تو کہتے ہیں ”وَالْعَطْفُ عَلَى اللَّفْظِ وَعَلَى الْمَحَلِّ جَائِزٌ“، اور لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے اس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے اور اس کے محل پر حمل کرتے ہوئے عطف جائز ہے، عطف جائز ہے، ”مِثْلُ: لَا أَبَا وَابْنًا وَابْنٌ“۔ ”لَا أَبَا وَابْنًا“ بھی پڑھ سکتے ہیں اور ”لَا أَبَا وَابْنٌ“ بھی آپ پڑھ سکتے ہیں بھئی۔ اب اس سارے کو شرح کے ساتھ دیکھیے۔ کہتے ہیں ”وَالْعَطْفُ عَلَى اسْمِ لَا الْمَبْنِيِّ إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ“، ہاں صاحب جامی آپ کو بتائیں گے۔ صاحب کافیہ نے کیا بتلایا کہ لائے نفی جنس کا اسم جب مبنی ہو اور آپ اس پر عطف کرنا چاہتے ہیں، تو لفظوں پر حمل کرتے ہوئے اس معطوف پر نصب پڑھنا بھی جائز اور محل پر حمل کرتے ہوئے اس معطوف پر رفع پڑھنا بھی جائز ہے۔ صاحب جامی آپ کو بتلائیں گے کہ اس میں دو شرطوں کا آپ نے خیال رکھنا ہے، دو شرطیں ہیں۔ ایک شرط یہ ہے کہ معطوف نکرہ ہونا چاہیے، معطوف نکرہ ہونا چاہیے معرفہ نہیں، کیونکہ اگر معطوف معرفہ ہوا تو پھر اس میں نصب اور رفع دونوں نہیں جائز، اس میں پھر صرف رفع پڑھیں گے۔ مثلاً آپ کہتے ہیں ”لَا غُلَامَ لَكَ وَالْفَرَسُ“۔ تو دیکھو ”الْفَرَسُ“ کا عطف کس پر ہے؟ غلام پر ہے لیکن ”الْفَرَسُ“ معرفہ ہے، اور ہم نے تو کیا کہا کہ نکرہ ہونا چاہیے۔ تو اس کے اندر نکرہ والی شرط پوری نہیں ہے، لہٰذا ”وَالْفَرَسُ“ یہاں صرف رفع ہی پڑھیں گے ”لَا غُلَامَ لَكَ وَالْفَرَسُ“۔ فرس معرفہ ہے نا؟ توجہ ہے؟ معرفہ ہے، تو لہٰذا اس پر رفع ہی پڑھیں گے بھئی۔ لفظوں پر حمل نہیں کر سکتے کیونکہ لائے نفی جنس ہے بھئی، یہ معرفہ کے اندر عمل کرتا ہی نہیں ہے۔ بھئی لائے نفی جنس ہے وہ عمل ہی کس میں کرتا ہے؟ نکرہ میں کرتا ہے معرفہ میں نہیں۔ جب معرفہ آ جائے لا کا اسم تو وہاں آپ نے پڑھا ہے اس پر رفع بھی پڑھیں گے اور تکرار لا بھی ہوگا ”لَا زَيْدٌ فِي الدَّارِ وَلَا عَمْرٌو“۔ تو جیسے وہاں پر معرفہ کے اندر اس کا عمل ظاہر نہیں ہوتا تھا، یہاں بے شک تابع ہے لیکن پھر بھی ہے تو معرفہ، لہٰذا اس پر کیا پڑھیں گے؟ رفع ہی پڑھیں گے۔ اور نیز دوسری شرط آپ کو یہ بتلائیں گے کہ تکرار لا نہیں ہونا چاہیے۔ پھر سنو مسئلہ بھئی۔ لائے نفی جنس کا اسم جب مبنی علی الفتح ہو تو اس پر عطف کرنا لفظوں پر حمل کرتے ہوئے بھی جائز ہے اور محل پر حمل کرتے ہوئے بھی عطف جائز ہے، لیکن دو شرطیں ہیں۔ ایک شرط یہ کہ وہ لا کا اسم نکرہ ہونا چاہیے، پھر لفظوں اور محل دونوں پر حمل جائز ہے، اگر معرفہ ہوا پھر رفع ہی پڑھیں گے وہاں۔ اور دوسرا یہ تکرار لا نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ اگر تکرار لا ہوا تو پھر وہی صورت بن جائے گی جو ”لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ“ میں تھی، اور وہاں کتنی صورتیں جائز تھیں؟ پانچ صورتیں، تو وہ پھر یہاں بھی جائز ہو جائیں گی۔ تو کہتے ہیں ”وَالْعَطْفُ عَلَى اسْمِ لَا الْمَبْنِيِّ“ اور عطف کرنا لائے نفی جنس کے اس اسم پر جو مبنی ہو ”إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ نَكِرَةً“ جب کہ معطوف کیا ہو؟ نکرہ ہو، اور ”بِلَا تَكْرِيرِ لَا فِي الْمَعْطُوفِ“ اور نیز معطوف کے اندر لا کا تکرار بھی نہیں ہونا چاہیے، جب یہ دونوں شرطیں پوری ہوں۔ اب وجہ بھی ذکر کر رہے ہیں کہ یہ دونوں شرطیں کیوں ہونی چاہئیں؟ کہتے ہیں ”فَإِنَّهُ إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ مَعْرِفَةً“ اس لیے کیونکہ جب معطوف معرفہ ہوگا تو ”وَجَبَ رَفْعُهُ“ تو اس میں رفع واجب ہے، وہاں آپ لفظوں پر حمل نہیں کر سکتے، نصب نہیں پڑھ سکتے۔ تو کہتے ہیں ”فَإِنَّهُ إِذَا كَانَ الْمَعْطُوفُ مَعْرِفَةً“ اس لیے کیونکہ جب معطوف معرفہ ہوگا تو ”وَجَبَ رَفْعُهُ“ تو اس کا رفع واجب ہے، ”نَحْوَ: لَا غُلَامَ لَكَ وَالْفَرَسُ“۔ یہاں ”وَالْفَرَسُ“ پر رفع ہی پڑھنا ہے۔ ”وَإِذَا كَانَ لَا مُكَرَّرًا فِي الْمَعْطُوفِ“ اور دوسری کیا شرط تھی کہ لا مکرر نہیں ہونا چاہیے۔ لا مکرر؟ کہتے ہیں اس لیے کیونکہ لا مکرر ہوگا تو وہ ”لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ“ کی طرح بن جائے گا تو وہاں پانچ صورتیں پھر جائز ہیں بھئی۔ تو کہتے ہیں ”وَإِذَا كَانَ لَا مُكَرَّرًا فِي الْمَعْطُوفِ“ اور جب لا مکرر ہو معطوف کے اندر تو ”فَحُكْمُهُ مَا عُلِمَ فِي قَوْلِهِ“ تو اس کا حکم وہ ہے جو معلوم ہو چکا ہے صاحب کافیہ کے قول ”لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ“ میں ”فِيمَا سَبَقَ“ وہ جو ماقبل میں گزر گیا۔ تو یہ لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہو، اس اسم پر جب آپ عطف کرنا چاہیں اور دو شرطیں ہونی چاہئیں کہ وہ جو معطوف ہے وہ نکرہ ہونا چاہیے اور نیز معطوف کے اندر لا کا تکرار نہیں ہونا چاہیے، جب یہ دونوں شرطیں پوری ہوں گی تو لائے نفی جنس کا یہ اسم، اس پر جو عطف ہے وہ اس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے بھی جائز ہے اور اس کے محل پر حمل کرتے ہوئے بھی جائز ہے۔ تو کہتے ہیں لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے اس پر عطف جو ہے ”بِأَنْ يُحْمَلَ عَلَى اللَّفْظِ“ بایں صورت کہ اس کے لفظوں پر حمل کیا جائے ”أَيْ لَفْظِ اسْمِ لَا الْمَبْنِيِّ“ یعنی اس لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہے اس کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے عطف کیا جائے ”وَيُجْعَلَ مَنْصُوبًا“ اور معطوف کو کیا پڑھا جائے؟ اس کو منصوب کر دیا جائے، ”وَبِأَنْ يُحْمَلَ عَلَى الْمَحَلِّ“ اور بایں صورت کہ اس لائے نفی جنس کے اسم کے محل پر حمل کیا جائے ”وَيُجْعَلَ مَرْفُوعًا“ اور اس معطوف کو مرفوع کر دیا جائے ”جَائِزٌ“ یہ جائز ہے، جائز ہے۔ ”وَلَا يَجُوزُ فِيهِ الْبِنَاءُ“۔ بھئی جب لائے نفی جنس کی پہلی صفت آتی تھی تو اس کے اندر رفع بھی جائز تھا، نصب بھی جائز تھا اور مبنی پڑھنا بھی جائز۔ لیکن یہ جو معطوف ہے اس کے اندر اس کو بنا جائز نہیں، مبنی پڑھنا جائز نہیں۔ اس لیے کیونکہ وہاں پر ایک شرط یہ تھی کہ وہ صفت جو ہے مبنی کے ساتھ ملی ہوئی ہو اور یہاں پر تو درمیان میں حرف عطف آ چکا ہے، فصل آ گیا ہے۔ تو فصل آنے کی وجہ سے رفع اور نصب تو یہاں معطوف پر جائز ہے لیکن اس کو مبنی پڑھنا جائز نہیں۔ یہ معنی ہے ”وَلَا يَجُوزُ فِيهِ الْبِنَاءُ“ اور اس معطوف کے اندر بنا جائز نہیں ہے یعنی اس کو مبنی پڑھنا جائز نہیں ہے ”لِمَكَانِ الْفَصْلِ بِالْعَاطِفِ“۔ مَكَان مصدر ہے بھئی كَانَ يَكُونُ سے بمعنی وجود کے، أَيْ لِوُجُودِ الْفَصْلِ بِالْعَاطِفِ، اس وجہ سے کہ فصل پایا گیا ہے ”بِالْعَاطِفِ“ کس کی وجہ سے؟ وہ جو حرف عطف ہے بھئی۔ عاطف وہ حرف عطف بھئی جس کے ذریعے عطف کیا جاتا ہے۔ تو کہتے ہیں ”وَلَا يَجُوزُ فِيهِ الْبِنَاءُ“ اس معطوف کے اندر بنا جائز نہیں ہے یعنی اس کو مبنی پڑھنا جائز نہیں ہے ”لِمَكَانِ الْفَصْلِ بِالْعَاطِفِ“ بوجہ فصل یعنی جدائی پائے جانے کے عاطف یعنی حرف عطف کی وجہ سے۔ ”وَلَمْ يُجْعَلْ فِي حُكْمِ الْمُتَّصِلِ“۔ بھئی یہاں مثلاً دیکھو بھئی ”لَا أَبَا وَابْنًا“ ”وَابْنٌ“ لیکن ”لَا أَبَا وَابْنَ“ اس کو بھی آپ مبنی پڑھ لیں یہ جائز نہیں۔ تو سوال پیدا ہوتا ہے ایک حرف واو ہی کا تو درمیان میں فصل آیا، باقی حروف عاطفہ ہیں ثُمَّ حَتَّى وغیرہ ان میں تو زیادہ حروف ہوتے ہیں، لیکن جب واو آ جائے واو تو صرف ایک حرف ہے تو اس فصل کو بھی لا فصل قرار دیتے ہوئے اس کو بھی مبنی پڑھنا جائز قرار دینا چاہیے، ”لَا أَبَا وَابْنَ“ پڑھنا بھی جائز ہونا چاہیے کیونکہ صرف ایک واو ہی کا تو فصل آیا ہے۔ تو اس کا بھی جواب دیں گے کہ اس کو ہم متصل کے حکم میں نہیں بنا سکتے۔ وجہ یہ کہ یہ جو منفی ہوتا ہے یعنی جس پر حرف نفی داخل ہوا ہے، ”لَا أَبَا“ یہ لا تو حرف نفی ہے اور اب یہ ہے منفی، جس پر حرف نفی داخل ہو اس کو کیا کہتے ہیں؟ منفی۔ آپ کو بتلائیں گے اس لیے کیونکہ جو منفی ہوتا ہے اس پر جب عطف کیا جاتا ہے تو معطوف کے اندر بھی بسا اوقات حرف نفی لے آتے ہیں۔ جیسے ”لَا حَوْلَ“، حول کیا ہے؟ منفی ہے، اور اس پر آگے قوت کا عطف ہو رہا ہے تو اس میں بھی دیکھو حرف نفی لے آئے ہیں۔ تو منفی پر جب عطف کیا جاتا ہے تو وہاں پر بھی معطوف کے اندر بھی عموماً حرف نفی لے آتے ہیں۔ بات سمجھ میں آ رہی ہے؟ عرب عام کلام میں استعمال کرتے ہیں، مثلاً کہتا ہے ”مَا جَاءَنِي زَيْدٌ وَلَا عَمْرٌو“، ”وَلَا عَمْرٌو“ دیکھو عمر کے ساتھ بھی لا ایک الگ لے آئے، یا جیسے ”لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ“، ”لَا حَوْلَ“ کے بعد ”وَلَا قُوَّةَ“ کے ساتھ بھی لا لے آئے بھئی۔ تو منفی پر جب عطف کیا جاتا ہے تو معطوف کے ساتھ بھی لا لے آتے ہیں۔ تو شبہ یہ آیا تھا کہ ایک واو کا ہی تو فصل ہے اس کو آپ متصل والا حکم دے دیں، کہتے ہیں نہیں ہم اس کو متصل والا حکم نہیں دے سکتے اس لیے کیونکہ یہ جو حرف عطف ہے اس کے بعد بسا اوقات لا کو بڑھا دیا جاتا ہے، لہٰذا اس فصل کو لا فصل ہم قرار نہیں دے سکتے کیونکہ یہ لا کے آنے کا مقام ہے، لا اکثر اس جگہ بڑھایا جاتا ہے۔ دیکھیے بھئی صاحب جامی اس کو اور بہتر انداز میں بیان کریں گے۔ کہتے ہیں ”وَلَمْ يُجْعَلْ فِي حُكْمِ الْمُتَّصِلِ“ اور اس معطوف کو جو ہے متصل کے حکم میں قرار نہیں دیا گیا ”لِمَظَنَّةِ الْفَصْلِ بِلَا الْمُؤَكِّدَةِ“۔ مَظَنَّة، ظَنَّ يَظُنُّ کا معنی گمان کرنا اور مَظَنَّة یہ ظرف کا صیغہ ہے، ”لِمَظَنَّةِ الْفَصْلِ“ کیونکہ یہ جائے گمان ہے فصل کی، یہ جائے گمان ہے یہ جو حرف عطف آیا ہے جس کے ذریعے منفی پر عطف کیا جا رہا ہے یہ جائے گمان ہے فصل کی، گمان ہوتا ہے کہ یہاں فصل کیا جائے گا کس کے ذریعے؟ لا کے ذریعے۔ چاہے لایا جائے یا نہ لایا جائے وہ الگ بات ہے لیکن سنتے ہی جیسے ہی ”لَا حَوْلَ وَ“ جیسے ہی واو آتا ہے گمان ہوتا ہے اب کیا آئے گا شاید؟ حرف نفی دوبارہ آئے گا بھئی۔ یہ معنی ہے ”وَلَمْ يُجْعَلْ فِي حُكْمِ الْمُتَّصِلِ“ اور اس معطوف کو متصل کے حکم میں قرار نہیں دیا گیا ”لِمَظَنَّةِ الْفَصْلِ بِلَا الْمُؤَكِّدَةِ“ اس لیے کیونکہ یہ فصل کی جائے گمان ہے، یہاں فصل ہونے کا گمان ہوتا ہے ”بِلَا الْمُؤَكِّدَةِ“ اس لا کے ذریعے جو پہلے لا کی تاکید کرتا ہے، جو پہلے لا کی؟ اور یہ یاد رکھنا یہ جو دوسرا لا آتا ہے یہ پہلے لا کی تاکید ہوتا ہے، یہ خود نفی کا فائدہ نہیں دیتا ورنہ تو نفی پر نفی داخل ہوگی وہ تو اثبات کا فائدہ دے دے گی۔ نفی پر نفی داخل ہو کس چیز کا فائدہ دیتی ہے؟ اثبات کا۔ جیسے دیکھو، میرے پاس زید نہیں آیا نفی ہے یا اثبات ہے؟ نفی ہے۔ اس پر ایک اور نفی لے آؤ۔ ایسا نہیں ہے کہ زید میرے پاس نہیں آیا۔ کیا مطلب؟ معلوم ہوا میرے پاس آیا ہے، تو نفی پر نفی داخل ہو تو وہ اثبات کا فائدہ دیتی ہے۔ لہٰذا یہ جو لا آئے گا یہ اول لا کی تاکید ہوگا، یہ نفی کا فائدہ نہیں دے رہا ورنہ تو اس کے مابعد کلام مثبت ہو جائے گا بھئی۔ تو کہتے ہیں، پھر ترجمہ دیکھ لیجیے: ”وَلَمْ يُجْعَلْ فِي حُكْمِ الْمُتَّصِلِ لِمَظَنَّةِ الْفَصْلِ بِلَا الْمُؤَكِّدَةِ“، اور اس معطوف کو متصل کے حکم میں قرار نہیں دیا گیا ”لِمَظَنَّةِ الْفَصْلِ“ اس وجہ سے کیونکہ یہ فصل کی جائے گمان ہے، یہاں فصل ہونے کا گمان ہوتا ہے ”بِلَا الْمُؤَكِّدَةِ“ اس لا کے ذریعے جو تاکید کرنے والا ہے، وہ لا جو تاکید پیدا کرتا ہے اس لا کے ذریعے یہاں فصل کا گمان ہوتا ہے۔ ”إِذِ الْمَعْطُوفُ عَلَى الْمَنْفِيِّ يُزَادُ فِيهِ لَا كَثِيرًا“ اس لیے کیونکہ وہ جس کا عطف کیا جاتا ہے منفی پر، تو ”يُزَادُ فِيهِ لَا كَثِيرًا“ اس معطوف کے اندر لا کو اکثر اوقات بڑھا دیا جاتا ہے، ”نَحْوُ: لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ“ جیسے اس کے اندر ہے دیکھو لا کو بڑھا دیا گیا ہے۔ صورت سمجھ میں آ گئی بھئی؟ آگے دیکھیے: ”مِثْلُ: لَا أَبَا وَابْنًا وَابْنٌ فِي قَوْلِ الشَّاعِرِ“ ایک شاعر کے اس قول میں، ”وَلَا“ آگے شعر ہے بھئی: ”وَلَا أَبَا وَابْنًا مِثْلُ مَرْوَانَ وَابْنِهِ إِذْ هُوَ بِالْمَجْدِ ارْتَدَى وَتَأَزَّرَا“۔ یہ ایک عربی کا فصیح و بلیغ شاعر ہے بھئی فرزدق، فرزدق یہ اس کا شعر ہے اور اس کے اندر وہ خلیفہ مروان ابن الحکم اور اس کے بیٹے عبدالملک کی تعریف کر رہا ہے۔ اور اس کے اندر دیکھو ”وَلَا أَبَا“ لائے نفی جنس آیا اور اس کا اسم اَب جو ہے مبنی علی الفتح ہے، اور اس پر اس نے اِبْن کا عطف کیا تو اس پر نصب پڑھا، اور اس میں رفع بھی جائز ہے، ”وَابْنًا“ بھی صحیح اور ”وَابْنٌ“ پڑھنا بھی صحیح ہے ابھی آپ نے پڑھ لیا۔ تو کہتے ہیں ”وَلَا أَبَا وَابْنًا مِثْلُ مَرْوَانَ وَابْنِهِ“، کوئی باپ اور کوئی بیٹا نہیں ہے ”مِثْلُ مَرْوَانَ وَابْنِهِ“ مروان اور اس کے بیٹے کے مثل۔ کوئی باپ اور کوئی بیٹا خلیفہ مروان اور اس کے بیٹے عبدالملک جیسا نہیں ہے۔ ”إِذْ هُوَ بِالْمَجْدِ“، مَجد کہتے ہیں عظمت کو، عظمت، بزرگی بھئی، عظمت اور بزرگی۔ ”اِرْتَدَى“، اِرْتَدَى ہے رِدَاء سے بھئی رِدَاء۔ رِدَاء چادر کو کہتے ہیں۔ انسان بدن کے اوپر والا حصہ ڈھانپنے کے لیے جو کپڑا استعمال کرتا ہے اس کو کیا کہتے ہیں؟ رِدَاء۔ اور نیچے جو نچلے بدن کو ڈھانپنے کے لیے جو چادر باندھتا ہے اس کو اِزَار کہتے ہیں عربی میں، کیا کہتے ہیں؟ تو بدن کے اوپر والے حصے کو ڈھانپنے کے لیے جو کپڑا استعمال کیا جائے اسے کیا کہتے ہیں؟ رِدَاء، اسی سے ہے اِرْتَدَى فعل۔ اور بدن کے نچلے حصے کو ڈھانپنے کے لیے جو چادر باندھی جاتی ہے اس کو کیا کہتے ہیں؟ اِزَار کہتے ہیں، بات سمجھ میں آ گئی؟ اسی سے تَأَزَّرَ فعل ہے۔ ”إِذْ هُوَ بِالْمَجْدِ“ اس لیے کیونکہ مروان ابن الحکم جو ہے، اس نے ”بِالْمَجْدِ ارْتَدَى“ اس نے عظمت کی چادر اوڑھی ہے ”وَتَأَزَّرَا“ اور اس نے عظمت کا اِزَار باندھا ہے۔ اس نے، اس نے جو چادر اوڑھی ہے وہ بھی عظمت والی ہے اور اس نے جو اِزَار باندھا ہے وہ بھی عظمت والا ہے، یعنی سر سے پاؤں تک وہ، ان کے پورے بدن سے عظمت ہی عظمت ظاہر ہوتی ہے۔ بات سمجھ میں آ گئی؟ تو کہتے ہیں ”وَلَا أَبَا وَابْنًا مِثْلُ مَرْوَانَ وَابْنِهِ“ اور کوئی باپ اور بیٹا مروان اور اس کے بیٹے کی طرح کا نہیں ہے ”إِذْ هُوَ بِالْمَجْدِ ارْتَدَى وَتَأَزَّرَا“ اس لیے کیونکہ اس نے بزرگی کی چادر اوڑھی ہے اور اس نے بزرگی کا اِزَار باندھا ہے۔ اِزَار جس کو اردو میں تہبند کہتے ہیں اور یا اسی طرح لنگی بھی کہتے ہیں۔ اور یاد رکھو ”تَأَزَّرَا“ اس کے آخر میں الف بھی پڑھنا ہے بھئی ”إِذْ هُوَ بِالْمَجْدِ ارْتَدَى وَتَأَزَّرَا“، اور یہ تثنیہ کا صیغہ نہیں ہے یہ جو الف آیا، یہ الف اِشباع کے لیے ہے، کس لیے ہے؟ اِشباع کے لیے۔ اِشباع کہتے ہیں آواز کو لمبا کرنا، یعنی فتحہ کو لمبا کرکے الف بنا لیتے ہیں، ضمہ کو لمبا کرکے واو بنا لیتے ہیں اور کسرہ کو لمبا کرکے یا بنا لیتے ہیں، یعنی حرفِ مدہ وہاں بنا لیتے ہیں۔ چونکہ اشعار کے اندر ترنم کیا جاتا ہے تو آخر میں آواز کو ذرا لمبا کیا جاتا ہے، تو یہاں پر بھی ”تَأَزَّرَ“ کے آخر میں یہ جو را کو کھینچ کر لمبا کیا گیا یہ اِشباع کی وجہ سے ہے۔ اِشباع کسے کہتے ہیں؟ آخری حرکت کو کھینچ کر لمبا کر دینا اور اسے حرفِ مدہ بنا لینا۔ ترجمہ سمجھ میں آ گیا؟ آگے دیکھیے۔ کہتے ہیں ”وَسَائِرُ التَّوَابِعِ لَا نَصَّ عَنْهُمْ فِيهَا“، اور باقی جو توابع ہیں ان کے بارے میں علمائے نحو سے کوئی تصریح نہیں ہے، ”لَا نَصَّ عَنْهُمْ“ علمائے نحو سے کوئی تصریح نہیں ہے ”فِيهَا“ ان باقی توابع میں۔ بھئی دیکھیے بات چل رہی ہے لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی علی الفتح ہو، اس کے توابع کے بارے میں صاحب کافیہ نے بیان کرنا شروع کیا۔ اور توابع تو ہیں پانچ، لیکن صاحب کافیہ نے صرف صفت کو ذکر کیا اور صرف معطوف کو ذکر کیا۔ اور جبکہ تاکید، عطف بیان اور بدل کو ذکر نہیں فرمایا۔ تو توابع تو وہ بھی ہیں ان کو بھی ذکر کرنا چاہیے تھا۔ تو صاحب جامی اس کا عذر ذکر فرما رہے ہیں کہ یہ جو لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہوتا ہے اس کے یہ جو دو توابع صاحب کافیہ نے ذکر کر دیے صفت اور معطوف، ان کا حکم تو ائمہ سے منقول ہے، لیکن باقی جو توابع ہیں تاکید، عطف بیان اور بدل ان کے بارے میں کوئی صراحت ائمہ نحو سے منقول نہیں، انہوں نے ان کے بارے میں کوئی تصریح نہیں کی اس لیے صاحب کافیہ نے بھی ان کے بارے میں ذکر نہیں کیا۔ تو کہتے ہیں ”وَسَائِرُ التَّوَابِعِ“ اور باقی توابع جو ہیں ”لَا نَصَّ عَنْهُمْ“۔ نص کہتے ہیں تصریح یعنی صراحتاً کوئی بات کرنا کہ اس طرح ہے، تو ”لَا نَصَّ عَنْهُمْ فِيهَا“ کوئی تصریح نہیں ہے ان ائمہ سے ”فِيهَا“ ان کے بارے میں۔ ”لَكِنْ يَنْبَغِي أَنْ يَكُونَ حُكْمُهَا حُكْمَ تَوَابِعِ الْمُنَادَى كَذَا ذَكَرَهُ الْأَنْدَلُسِيُّ“، لیکن مناسب یہ ہے کہ ان باقی توابع کا حکم جو ہے وہ ”حُكْمَ تَوَابِعِ الْمُنَادَى“ وہی حکم ہو جیسے کہ منادیٰ کے توابع کا حکم ہے، ”كَذَا ذَكَرَهُ الْأَنْدَلُسِيُّ“ جیسے کہ ذکر کیا ہے علامہ اندلسی نے۔ علامہ اندلسی میں نے ذکر کیا تھا یہ صاحب کافیہ ہی کے زمانے کے بہت بڑے عالم گزرے ہیں بھئی۔ اور وہ بھی ذکر فرماتے ہیں کہ ان کے بارے میں ائمہ سے کوئی صراحت نہیں آئی یہ جو بدل ہے، عطف بیان ہے اور تاکید، لیکن مناسب یہ ہے ان کا بھی وہی حکم ہونا چاہیے جیسا کہ وہ منادیٰ جو مبنی علی الضم ہوتا تھا اس کے توابع کا حکم جو پیچھے گزر چکا ہے، جو صاحب کافیہ نے ذکر کر دیا۔ بھئی دیکھیے یہاں کس کی بات چل رہی ہے؟ لائے نفی جنس کا وہ اسم جو مبنی ہے اس کے توابع کی بات چل رہی ہے۔ اسی طرح منادیٰ بھی بعض اوقات مبنی ہوتا ہے، آپ نے پڑھا ہے ”يَا زَيْدُ“، یہ زید کیا ہے؟ مبنی علی الضم ہے، اور پتہ کیسے چلا یہ مبنی ہے؟ کہ اس پر تنوین نہیں آ رہی اگرچہ مانع تنوین کوئی چیز نہیں۔ تو منادیٰ جب مفرد ہو یعنی مضاف یا مشابہ مضاف نہ ہو اور معرفہ ہو تو وہ مبنی علی الضم ہوتا ہے ”يَا زَيْدُ“، ”يَا عَمْرُو“، ”يَا رَجُلُ“۔ تو یہ سب کیا ہیں؟ مبنی علی الضم۔ اور اس منادیٰ کی بحث پیچھے آئی تھی اور اس کے توابع بھی صاحب کافیہ نے ذکر فرمائے تھے اور وہاں انہوں نے بتلایا تھا کہ منادیٰ مبنی علی الضم جو ہے اس کے جو توابع ہیں ان میں سے ایک بدل اور ایک وہ والا معطوف جس پر الف لام داخل ہو سکے، یہ دو ان کا حکم تو مستقل منادیٰ والا ہے۔ ان کا حکم مستقل منادیٰ والا ہے۔ مثلاً آپ عمر کو بھی ساتھ ملانا چاہتے ہیں اس کو بھی ندا دینا چاہتے ہیں تو ”يَا زَيْدُ وَعَمْرُو“، عمر مستقل منادیٰ کی طرح ہے اور عمر مستقل منادیٰ ہو تو کیسے پڑھیں گے؟ ”يَا عَمْرُو“ مبنی علی الضم پڑھیں گے، تو یہاں پر بھی کیسے پڑھیں گے؟ ”يَا زَيْدُ وَعَمْرُو“ اس کو مبنی علی الضم مستقل منادیٰ کی طرح پڑھیں گے۔ اور اگر توابع میں سے تاکید ہو یا عطف بیان ہو یا صفت ہو یا اسی طرح وہ معطوف جو معرف باللام ہے، تو ان کے اندر رفع بھی جائز تھا اور نصب بھی جائز تھا۔ جیسے مثلاً ”يَا زَيْدُ“ یہ منادیٰ مفرد معرفہ مبنی علی الضم ہے تو اس کی آپ صفت لانا چاہتے ہیں، تو صفت پر آپ رفع بھی پڑھ سکتے ہیں ”يَا زَيْدُ الْعَاقِلُ“۔ ”يَا زَيْدُ الْعَاقِلُ“، یہ رفع کیوں پڑھا؟ زید کے لفظوں پر حمل کرتے ہوئے کیونکہ اس پر ضمہ آیا ہے لیکن یہ ضمہ بھی کس کی طرح ہے؟ رفع کی طرح ہے یا کی وجہ سے آیا ہے، تو لہٰذا اسی جیسا اعراب دے دیا۔ اور ”يَا زَيْدُ الْعَاقِلَ“ نصب بھی جائز ہے کیونکہ یہ محلاً یہ زید کیا ہے؟ مفعول بہ ہے، منصوب ہے۔ تو ”يَا زَيْدُ الْعَاقِلُ“ اور ”يَا زَيْدُ الْعَاقِلَ“ دونوں پڑھنا جائز ہے، تو رفع پڑھنا بھی جائز لفظوں پر حمل کرتے ہوئے اور نصب پڑھنا بھی جائز ہے محل پر حمل کرتے ہوئے۔ تو کہتے ہیں یہاں پر بھی یہ لائے نفی جنس کا اسم جو ہے وہ مبنی علی الفتح ہے تو اس کے توابع میں بھی اسی طرح ہونا چاہیے، رفع بھی جائز ہونا چاہیے اور نصب بھی جائز ہونا چاہیے۔ بات سمجھ میں آ گئی؟ نصب کیوں جائز ہو؟ لفظوں پر حمل کرتے ہوئے، اور رفع کیوں جائز ہو؟ محل بعید پر حمل کرتے ہوئے۔ تو کہتے ہیں ”لَكِنْ يَنْبَغِي أَنْ يَكُونَ حُكْمُهَا حُكْمَ تَوَابِعِ الْمُنَادَى“ لیکن مناسب یہ ہے کہ یہ باقی توابع ان کا حکم جو ہے ”حُكْمَ تَوَابِعِ الْمُنَادَى“ وہی حکم ہونا چاہیے جیسے کہ منادیٰ کے توابع کا حکم تھا ”كَذَا ذَكَرَهُ الْأَنْدَلُسِيُّ“ جیسے کہ ذکر کیا ہے علامہ اندلسی نے۔ بات سمجھ میں آ گئی؟ اور نیز وہ فرماتے ہیں، نیز وہ فرماتے ہیں کہ اگر بدل جو ہے بدل، مفرد ہو اور نکرہ ہو، مفرد ہو اور نکرہ ہو تو اس کو بھی مبنی پڑھنا جائز ہے، رفع بھی جائز، نصب بھی جائز اور مبنی پڑھنا بھی جائز۔ اسی طرح تاکید لفظی کے اندر بھی ہے جیسے گزشتہ سبق میں مثال بھی آئی تھی ”لَا مَاءَ مَاءَ بَارِدًا“، میں نے بتلایا تھا یہ مائے ثانی اول کے لیے کیا ہے؟ تاکید، اور وہ ماء مبنی علی الفتح ہے تو ثانی کو بھی آپ مبنی علی الفتح بھی پڑھ سکتے ہیں اور ”لَا مَاءَ مَاءٌ“ رفع بھی پڑھ سکتے ہیں اور ”لَا مَاءَ مَاءً“ نصب بھی پڑھ سکتے ہیں۔ تو علامہ اندلسی فرماتے ہیں کہ بدل کے اندر بنا بھی جائز ہے اگر وہ مفرد ہو اور نکرہ ہو۔ اور تاکید، تاکید لفظی کے اندر بھی اسی طرح ہے، تاکید لفظی اس میں آپ مبنی بھی پڑھ سکتے ہیں، رفع بھی، نصب بھی، اور عطف بیان کا بھی وہی حکم ہے جو بدل کا ہوتا ہے۔ توجہ ہے؟ کتنے توابع رہ گئے تھے؟ بدل، عطف بیان اور تاکید۔ بدل میں بتلا دیا کہ بدل اگر مفرد معرفہ ہو تو مبنی پڑھنا بھی جائز، اور ویسے اس کے اندر رفع بھی جائز اور نصب بھی جائز۔ اسی طرح تاکید اگر تاکید لفظی ہے تو اس کو بھی مبنی پڑھنا بھی جائز، رفع جائز، نصب جائز۔ اور عطف بیان کا وہی حکم ہے جو بدل کا تھا۔ تو تینوں کا حکم معلوم ہو گیا۔ بات سمجھ میں آ گئی؟ حل ہو گیا؟ چلیے بس بھئی، هَذَا هُوَ الْمَرَامُ، وَاللَّهُ أَعْلَمُ بِحَقِيقَةِ الْكَلَامِ۔
216 approved lectures · 179 of 216