وَالْأَعْوَاضُ الْمُشَارُ إِلَیْہَا لَا یَحْتَاجُ إِلٰی مَعْرِفَۃِ مِقْدَارِہَا فِیْ جَوَازِ الْبَیْعِ وَالْأَثْمَانُ الْمُطْلَقَۃُ لَا تَصِحُّ إِلَّا أَنْ تَکُوْنَ مَعْرُوْفَۃَ الْقَدْرِ وَالصِّفَۃِ وَیَجُوْزُ الْبَیْعُ بِثَمَنٍ حَالٍّ وَمُؤَجَّلٍ إِذَا کَانَ الْأَجَلُ مَعْلُوْمًا۔
بیع کے بارے میں آپ نے پڑھ لیا کہ بیع کس سے منعقد ہوتی ہے؟ ایجاب اور قبول سے منعقد ہوتی ہے، ایجاب اور قبول۔ یہ قولی بیع تھی، قول کے ذریعے مولانا۔ اور میں نے بتایا تھا جیسے ہی ایجاب و قبول ہوتا ہے بیع ہو گئی مولانا بس۔ اب مبیع کا مالک کون بن گیا؟ مشتری مالک بن گیا فوراً۔ اب وہ کہے نہیں میں نہیں لینا چاہتا، نہیں بھئی بس بیع ہو چکی ہے شرعاً اب آپ کو کیا کرنا پڑے گا؟ لینا پڑے گا۔
اور میں نے آپ کو بتلایا تھا ایک عملی بیع بھی ہے۔ ہم عموماً جو بیوع کرتے ہیں وہ تقریباً اکثر ساری کی ساری تقریباً وہ بَیْعُ التَّعَاطِیْ ہیں، عملی بیع مولانا، جس میں کیا ہے ایجاب و قبول نہیں ہوتا مولانا۔ صورت سمجھ میں آئی؟ آپ بازار وغیرہ بھی جاتے ہیں آپ خود دیکھ لیں، ایجاب و قبول نہیں ہوتا، چیز لیتے ہیں پیسے دیتے ہیں اور اٹھا کر لے آتے ہیں۔ سمجھ میں آیا؟ اگر بحث بھی کر لی، پیسوں پہ بحث کر لیتے ہیں لیکن ایجاب و قبول ہوتا ہے باقاعدہ پھر؟ پیسے مقرر ہو گئے، اس نے کہا تھا تین سو آپ نے کہا نہیں ڈھائی سو دو یا سوا دو سو میں دو، بحث ہوتے ہوتے اس نے آپ کو دو سو پچاس میں دے دی مولانا۔ بس آپ دو سو پچاس نکال کے اس کو دیتے ہیں چیز اٹھا کے لے آتے ہیں، کوئی ایجاب ہوا میں نے آپ کو یہ چیز ڈھائی سو میں بیچ دی، آپ نے کہا میں نے آپ سے یہ چیز ڈھائی سو میں خرید لی، ایجاب و قبول ہوتا ہے؟ نہیں ہوتا۔ یا ہوتا بھی ہے، ایجاب و قبول نہیں قول آتا بھی ہے تو امر ہوتا ہے امر مولانا، اور امر تو کیا ہے؟ مستقبل ہے، اور مستقبل کے صیغے کے ساتھ تو بیع منعقد نہیں ہوتی، آپ نے پڑھا تھا یا صرف ماضی کا صیغہ ہونا چاہیے یا کون سا ہونا چاہیے؟ حال کا ہونا چاہیے۔ صورت سمجھ میں آئی بھئی؟ تو آپ کوئی چیز لیتے بھی ہیں بھئی یہ چیز مجھے دے دو، فلاں چیز مجھے تیس روپے کی دے دو، یہ تو امر ہے مولانا اس کو ایجاب ہم نہیں کہیں گے۔ تو چیز لے لیتے ہیں پیسے دے دیتے ہیں یہ بَیْعُ التَّعَاطِیْ ہی ہے بھئی۔
اچھا اور آپ نے پڑھا تھا بھئی کہ بیع ہو جانے کے بعد لازم ہو جاتی ہے دونوں میں سے کسی کو بھی خیار نہیں رہتا۔ ہاں تین قسم کے خیار آ سکتے ہیں مولانا۔ اول کیا ہے؟ خیار عیب، دوسرا خیار رویت، تیسرا خیار شرط، خیار شرط بھئی، سمجھ میں آیا؟ ان کے آگے باقاعدہ باب بھی آنے والے ہیں بھئی۔ خیار شرط کس کو کہتے ہیں؟ کہ بائع یا مشتری میں سے کوئی ایک بیع کو فسخ کرنے کا اختیار رکھ لیتا ہے، کہتا ہے بھئی میں یہ کتاب میں نے آپ سے تیس روپے میں خرید لی لیکن مجھے اختیار ہے میں تین دن میں فسخ کرنا چاہوں تو بیع کو فسخ کر سکتا ہوں، ایک دن میں فسخ کرنا چاہوں تو فسخ کر سکتا ہوں۔ زیادہ سے زیادہ تین دن تک ہو سکتا ہے، اس سے کم جتنا مرضی رکھ لیں، ایک گھنٹے کا رکھ لیں، میں چاہوں تو ایک گھنٹے تک اس بیع کو کیا کر سکتا ہوں؟ فسخ۔ یہ کیا کہلاتا ہے؟ خیار شرط کہلاتا ہے۔ سمجھ میں آیا؟ خیار شرط کہلاتا ہے۔ لیکن یہ طے کرنا پڑتا ہے، یہ بائع بھی رکھ سکتا ہے مشتری بھی اپنے پاس یہ خیار رکھ سکتا ہے، جو رکھے گا اس کو یہ خیار حاصل ہو جائے گا اتنی ہی مدت تک کے لیے۔
اور جبکہ دو اور خیار ہیں مولانا، ایک خیار عیب اور ایک خیار رویت، یہ خود بخود آئیں گے ان کو ذکر کرنے کی ضرورت نہیں بھئی۔ ہاں اگر چیز آپ نے پہلے بھی دیکھی ہوئی ہے، بیع کے وقت دیکھ لی یا پہلے ایک آدھ دن پہلے دیکھ لی اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اب خرید رہے ہیں تو اب خیار رویت نہیں ہے۔ آپ یہ نہیں کہہ سکتے بھئی جس وقت خرید رہے تھے میں نے اس وقت نہیں دیکھی میں نے تو کل دیکھی تھی۔ سمجھ میں آیا؟ خیار رویت نہیں۔ ہاں اگر اس چیز کی حالت تبدیل ہو چکی ہے اب پھر خیار رویت حاصل ہو جائے گا۔ صورت سمجھ میں آئی؟ اگر وہ اسی حالت پر برقرار ہے وہ تو آپ کل دیکھ چکے تھے، آج اور کل میں کوئی تبدیلی آئی اس کے اندر؟ کوئی تبدیلی نہیں آئی تو اب کوئی خیار رویت نہیں ہے۔ خیار رویت تو کیا تھا؟ کہ آپ نے ایک چیز دیکھی نہیں، بغیر دیکھے خرید رہے ہیں اور یہ تو آپ کیا کر چکے تھے؟ دیکھ چکے تھے تو خیار رویت نہیں۔ اور ایک خیار عیب بھئی، تو خیار عیب کوئی چیز خریدتے ہیں آپ کو بعد میں عیب کا پتہ چلتا ہے تو شریعت نے خیار دیا آپ چاہیں تو بیع کو کیا کر سکتے ہیں؟ فسخ، ختم کر سکتے ہیں، چیز واپس لوٹا دی پیسے واپس لے لیے، خیار عیب۔ ہاں اس میں بھی میں نے بتایا تھا خیار عیب بھی ختم ہو سکتا ہے ایک صورت میں جب بیچنے والا کیا کہے؟ یہ چیز میں اس میں کسی عیب کا ذمہ دار نہیں ہوں، میں ہر عیب سے بری ہوں، بس مولانا اب خیار عیب بھی کیا ہو گیا؟ ختم ہو گیا۔
تو تین خیار حاصل ہوتے تھے: خیار شرط، خیار عیب، خیار رویت۔ صاحب قدوری نے صرف دو ذکر کیے، ایک خیار عیب، ایک خیار رویت۔ کیوں؟ اس لیے کہ یہ دونوں خود بخود آ جاتے ہیں جبکہ خیار شرط کو تو باقاعدہ کیا کرنا پڑتا ہے؟ ذکر کرنا پڑتا ہے۔ تو یہ خود بخود آتے ہیں ہر بیع کے اندر اس لیے ان دو کو ذکر کیا۔
تو کہتے ہیں وَالْأَعْوَاضُ الْمُشَارُ إِلَیْہَا لَا یَحْتَاجُ إِلٰی مَعْرِفَۃِ مِقْدَارِہَا فِیْ جَوَازِ الْبَیْعِ۔ اچھا بھئی یہاں سے اب یاد رکھو مبیع اور ثمن کے احکام بیان کرنے لگے ہیں۔ بیع کی تعریف بتلا دی، بتلا دیا بیع کب لازم ہو جاتی ہے اور جب لازم ہو جائے اس کے بعد کسی کو کوئی خیار نہیں سوائے ان دو تین خیاروں کے۔ اب بتلانے لگے ہیں مبیع اور ثمن کے بارے میں مولانا، مبیع اور ثمن بھئی۔ تو سب سے پہلے ایک مشترکہ حکم بیان کر دیا دونوں کے لیے، اس کے بعد ثمن کے احکام بیان ہوں گے پھر مبیع کے احکام بیان ہوں گے۔ بھئی اب کن کے احکام بیان کرنے لگے ہیں؟ ثمن اور مبیع کے۔ پہلے ایک حکم ایسا بیان کریں گے جو ثمن کا بھی وہی حکم ہے مبیع کا بھی وہی، اس کے بعد پھر ثمن کے حکم کیا کریں گے؟ پہلے ذکر کر دیں گے اور اس کے بعد پھر کس کے احکام بیان کریں گے؟ مبیع کے احکام بیان کریں گے۔
یاد رکھیے جو چیز خرید رہے ہیں اس کی تعیین ضروری ہے بھئی۔ مبیع کی تعیین ضروری ہے مولانا کیا چیز خرید رہے ہیں، سامنے مثلاً گندم پڑی ہے یہ گندم میں خریدتا ہوں، صورت سمجھ میں آ گئی؟ مبیع مجہول نہیں ہونا چاہیے بھئی۔ مبیع مجہول ہو تو یاد رکھو پھر جھگڑا آتا ہے مولانا، اور ضابطہ ہے جس بیع کے اندر جھگڑا آتا ہو وہ بیع فاسد ہے۔ جس بیع کے اندر کیا آئے؟ جھگڑا آئے وہ بیع فاسد ہے۔ مبیع مجہول ہے مولانا، آپ اس سے کہتے ہیں بھئی میں نے سو روپے میں کوئی چیز آپ سے خرید لی، وہ کہتا ہے ہاں میں نے آپ کو سو روپے میں کوئی چیز بیچ دی۔ اب بعد میں آپ کو وہ کہتا ہے لو بھئی وہ سو روپے میں یہ کتاب لے لو، آپ کہیں گے نہیں نہیں کوئی چیز بات ہوئی تھی کتاب کی بات نہیں ہوئی تھی موبائل میرے حوالے کرو بھئی۔ جھگڑا آیا یا نہیں آیا؟ تو مبیع متعین ہونا چاہیے تاکہ جھگڑا نہ آئے بھئی۔ صورت سمجھ میں آ گئی بھئی؟ مبیع۔
اور ذکر ثمن بھی، تو بیع کے اندر مبیع کی تعیین بھی ضروری اور ثمن کا ذکر بھی ضروری۔ ثمن کیا ہے مولانا؟ آپ کوئی چیز خرید رہے ہیں کیا دیں گے عوض میں بدلے میں؟ روپے دیں گے، ڈالر دیں گے، پونڈ دیں گے، کیا چیز دیں گے اور کتنے دیں گے؟ اس کا ذکر بھی ضروری ہے۔ اگر آپ اس کو کہتے ہیں میں نے آپ سے آپ کا موبائل پانچ سو میں خرید لیا، کتنے میں خرید لیا؟ پانچ سو میں خرید لیا، اس نے بھی قبول کر لیا مولانا، اب آپ اس کو پانچ سو روپے دے رہے ہیں وہ کہتا ہے نہیں میں نے پانچ سو روپے نہیں میں نے تو ڈالر کی بات کی تھی، لاؤ پانچ سو ڈالر، روپے کب نام لیا آپ نے؟ لیا تھا نام روپے کا؟ آپ نے صرف پانچ سو کہا تھا۔ سمجھ میں آیا؟ تو صفت کا بھی ذکر ہونا ضروری کیا چیز ہے، اور مقدار بھی ذکر ہونا ضروری۔ آپ اس کو کہتے ہیں میں نے آپ سے آپ کا موبائل روپوں میں خرید لیا یا یوں کہیں ڈالروں میں خرید لیا بھئی، اب آپ جتنے بھی ڈالر دیں گے جتنے بھی روپے دیں گے وہ کہیں گے نہیں بھئی اتنے کا ذکر ہوا تھا؟ صرف روپوں کا ذکر ہوا تھا آپ پانچ سو دے رہے ہیں وہ کہتا ہے نہیں پانچ ہزار دو، تو جھگڑا آئے گا۔ تو لہٰذا یاد رکھو بیع کے اندر تعیین مبیع ضروری ہے اور ذکر ثمن ضروری ہے۔
اب یہاں سے ایک اہم ضابطہ بتلا رہے ہیں ثمن اور مبیع کا۔ بھئی یہ جو تعیین اور ذکر وغیرہ ہم مبیع اور ثمن کا کرتے ہیں کس لیے کرتے ہیں؟ تاکہ کسی قسم کا اشتباہ نہ رہے بعد میں، کسی قسم کا پھر جھگڑا نہ آئے، التباس نہ آئے۔ تو اس کی صفت ذکر کی جاتی ہے بھئی فلاں کرنسی ہے اور اتنی مقدار میں ہے اس کے بدلے میں یہ چیز میں آپ سے خریدتا ہوں۔ تو یہ صرف کس لیے کیا جاتا ہے کہ وہ چیز متعین ہو جائے کسی قسم کا اشتباہ اور التباس بعد میں نہ رہے تاکہ جھگڑا نہ آئے۔ اب ایک چیز سامنے پڑی ہے مثلاً گندم کا ڈھیر پڑا ہوا ہے، آپ نے اپنے ساتھی سے کہا یہ جو گندم کا ڈھیر ہے میں نے آپ کو ایک ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔ اب کتنی گندم ہے؟ جو سامنے پڑی ہے، ہاں کہتے ہیں یاد رکھو اس کے اندر اس کی مقدار ذکر کرنا ضروری نہیں بھئی۔ چیز جب سامنے پڑی ہے اس کی طرف اشارہ ہو رہا ہے تو اشارے کے ذریعے تو ایک چیز سب سے زیادہ ممتاز ہو جاتی ہے پتہ لگ جاتا ہے اس کا، اس کے بعد اس کی صفات وغیرہ ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ گندم آپ نے بیچ دی بعد میں کہے بھئی یہ تو فلاں کوالٹی کی نہیں ہے یہ تو کم کوالٹی کی گندم ہے بھئی، آپ کیا کہیں گے بھئی؟ بھئی آپ کے سامنے میں نے آپ کو کہا تھا یہ گندم فروخت کرتا ہوں۔ عیب کی بات نہیں کر رہا، عیب آیا پھر تو اختیار ہے اس کو واپس کر سکتا ہے، عیب کے علاوہ ویسے کہتا ہے بھئی میں تو فلاں قسم کی لینا چاہتا تھا یہ تو فلاں قسم کی گندم ہے، ہے ٹھیک لیکن قسم دوسری ہے، آپ کیا کہیں گے مولانا؟ میں نے کیا کیا تھا؟ اشارہ کر دیا تھا چیز آپ کے سامنے تھی اسی وقت آپ کو لینی چاہیے تھی۔ صورت سمجھ میں آ گئی؟ تو جو چیز سامنے ہو اس کی طرف اشارہ ہو جائے اس کی مقدار وغیرہ صفت ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔
بھئی آپ نے اپنے سامنے یہ پیسے رکھے ہوئے ہیں مولانا، یہ ثمن ہیں، یہ کیا ہیں؟ ثمن۔ یاد رکھو ایک لفظ ہے ثمن، ایک ہے قیمت، یہ بھی سمجھ لو یہیں پر۔ قیمت وہ ہے جو بازار کا ریٹ ہے مولانا، اس کو کیا کہتے ہیں؟ جو بازار کا ریٹ ہے اسے کیا کہیں گے؟ قیمت کہیں گے، یہ قیمت ہے اس چیز کی۔ صورت سمجھ میں آئی؟ اور ایک ہے ثمن جو آپ کے اور مشتری کے درمیان یا بائع کے درمیان طے ہو جاتے ہیں کچھ بھی طے ہو سکتے ہیں وہ ثمن کہلاتے ہیں۔ بھئی آپ بازار میں ایک چیز کا ریٹ ہے آپس میں بیع وغیرہ کرتے ہیں تو ضروری نہیں اسی پر ہو بلکہ کیا کر لیتے ہیں؟ بعض اوقات ایک چیز مہنگی ہے آپ اپنے ساتھی کو سستی دے دیتے ہیں، تو یہ جو پیسے مقرر ہوئے آپس میں باہمی رضامندی سے یہ کیا کہلاتے ہیں؟ ثمن کہلاتے ہیں، یہ ریٹ نہیں ہے مولانا۔ وہ جو بازار کا ریٹ ہے وہ قیمت کہلاتی ہے اور یہ جو آپس میں طے ہو جائیں یہ کیا کہلاتے ہیں؟ ثمن۔ یہ اس سے کم بھی ہو سکتے ہیں اس کے برابر بھی ہو سکتے ہیں اس سے زیادہ بھی۔ چیز آپ کے پاس بہت اچھی ہے آپ کے ساتھی کو پسند آئی وہ بازار سے بھی مہنگے داموں آپ سے خرید لیتا ہے، تو یہ اب ثمن ہیں مولانا، کیا ہیں؟ ثمن۔ تو کبھی بازار کی قیمت سے زیادہ ہو سکتے ہیں کبھی اس کے برابر ہو سکتے ہیں اور کبھی کم، تو یہ ہے فرق قیمت میں اور ثمن میں۔ ثمن جو باہم آپس میں طے ہو جائے۔ اور یہ پیسے بھی ہو سکتے ہیں کوئی اور چیز بھی ہو سکتی ہے بھئی۔ مثلاً آپ اپنے ساتھی سے موبائل لیتے ہیں بدلے میں اس کو کیا دے دیتے ہیں؟ یا تو پیسے دے دیتے ہیں یا بدلے میں اس کو دوسرا موبائل دے دیتے ہیں یا بدلے میں اس کو گھڑی دے دیتے ہیں، تو جو چیز آپ لے رہے ہیں وہ کیا ہے؟ مبیع، اور جو چیز اس کو دے رہے ہیں وہ کیا ہے؟ ثمن۔ تو ثمن روپے نہیں بلکہ یہاں دیکھو گھڑی بن گئی۔ صورت سمجھ میں آئی؟
اچھا تو جو چیز یاد رکھو مبیع اور ثمن میں سے جو چیز سامنے پڑی ہو اس کی طرف اشارہ ہو رہا ہو تو وہاں پر اس کی صفت اور اس کی مقدار ذکر کرنے کی ضرورت نہیں، مقدار ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ صورت سمجھ میں آ گئی؟ بھئی پیسے پڑے ہوئے ہیں آپ کے سامنے اچھے خاصے بھئی، پیسوں کا ڈھیر پڑا ہوا ہے ایک بھئی چھوٹا سا، آپ اپنے ساتھی کو کہتے ہیں ان پیسوں کے بدلے آپ کی یہ گاڑی میں نے خرید لی۔ وہ کہتا ہے میں نے ان پیسوں کے بدلے یہ گاڑی آپ کو بیچ دی۔ اب وہ پیسے اٹھاتا ہے گنتا ہے کہتا ہے یہ تو کم ہیں، یہ تو کم ہیں! نہیں مولانا آپ کے سامنے چیز تھی آپ اس وقت گننے کی بات کرتے، اس وقت کوئی گنتی کی بات ہوئی؟ گننے کا کوئی ذکر نہیں ہوا میں نے اشارہ کر دیا یہ دے رہا ہوں بھئی دیکھ لو تمہیں پسند ہے تو ٹھیک ہے۔ صورت سمجھ میں آ گئی؟ تو بھئی مبیع یا ثمن جب وہ مشار الیہ ہوں یعنی سامنے موجود ہیں ان کی طرف اشارہ ہو رہا ہے تو ان کی مقدار ذکر کرنے کی ضرورت ہے؟ مقدار ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔
دیکھیے یہی ضابطہ بتلا رہے ہیں: وَالْأَعْوَاضُ الْمُشَارُ إِلَیْہَا اور وہ عوض جو مشار الیہ ہوں جن کی طرف کیا کیا گیا ہو؟ اشارہ کیا گیا ہو، لَا یَحْتَاجُ وہ محتاج نہیں ہیں إِلٰی مَعْرِفَۃِ مِقْدَارِہَا کس چیز کے محتاج نہیں ہیں؟ ان کی مقدار کے پہچاننے کے، مَعْرِفَۃٌ کا معنی پہچاننا، ان کی مقدار کے پہچاننے کے محتاج نہیں ہیں فِیْ جَوَازِ الْبَیْعِ بیع کے جائز ہونے میں۔ بیع کے جائز ہونے میں، بھئی یہ نہیں اب کوئی کہہ سکتا یہ بیع ہی نہیں جائز کیونکہ پتہ نہیں تھا پیسے کتنے ہیں، بھئی وہ چیز اشارہ ہو رہا ہے سامنے پڑی ہوئی ہے۔ اشارے کے ذریعے ایک چیز سب سے زیادہ ممتاز ہو جاتی ہے لہٰذا اب یہاں پر کوئی یہ نہ کہے کہ بیع جائز نہیں ہے بلکہ کیا ہے بیع؟ جائز ہے۔ تو روپے ہوں چاہے وہ ثمن ہو جس کی طرف اشارہ ہو رہا ہے چاہے وہ مبیع ہو جیسے گندم کا ڈھیر تھا اب کتنی گندم ہے کوئی پتہ تھا؟ نہیں۔ بعد میں یہ نہ کہے یہ تو کم نکلی بھئی میں تو سمجھ رہا تھا یہ سو بوری نکلے گی یہ تو ستر بوری نکلی ہے، نہیں بھئی، آپ کے سامنے تھی اشارہ کیا تھا میں نے کب کہا تھا یہ سو بوری ہے؟ میں نے تو کہا تھا یہ گندم آپ کو بیچتا ہوں۔ مسئلہ سب کو سمجھ میں آیا بھئی؟ جی۔
تو کہتے ہیں وَالْأَعْوَاضُ الْمُشَارُ إِلَیْہَا اور وہ عوض جن کی طرف اشارہ کیا جائے لَا یَحْتَاجُ إِلٰی مَعْرِفَۃِ مِقْدَارِہَا وہ محتاج نہیں ہیں اپنی مقدار کے پہچاننے کے فِیْ جَوَازِ الْبَیْعِ کس کے اندر بھئی؟ بیع کے جائز ہونے کے اندر۔ سمجھ میں آیا؟ تو یہ کس کے احکام بیان ہو رہے ہیں مولانا؟ ثمن اور مبیع کے احکام بیان ہو رہے ہیں۔ اور یہ جو پہلا حکم بیان ہوا یہ کس کا ہے؟ مبیع کا ہے یا ثمن کا یا دونوں کا ہے؟ یہ دونوں کا حکم بیان ہو رہا ہے جب مشار الیہ ہو گا تو ان کی مقدار کے پہچاننے کی ضرورت نہیں۔
تو ثمن اور مبیع یاد رکھو کئی احکام میں مختلف ہیں۔ ثمن اور مبیع کیا ہیں کئی احکام کے اندر؟ مختلف ہیں۔ مثلاً مولانا ایک حکم یہ بھی سن لیں کہ مبیع دو قسم پر ہے: ایک ہے منقولی، ایک ہے غیر منقولی۔ منقول وہ بھئی جس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا سکے، نقل کیا جا سکے، منتقل کیا جا سکے، اور غیر منقولی جس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہ کیا جا سکے۔ مثلاً کھیت ہے، کھیت کو ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل کیا جا سکتا ہے؟ نہیں، یہ غیر منقولی ہے۔ اسی طرح بھئی گھر ہے، گھر کو ایک جگہ سے دوسری جگہ اٹھا کر لے جا سکتا ہے کوئی؟ نہیں، یہ بھی غیر منقولی ہے۔ باغ ہے کسی کا یہ بھی غیر منقولی ہے، سمجھ میں آیا؟ کوٹھی وغیرہ ہے یہ بھی کیا ہے؟ غیر منقولی۔ زمین ہے کسی کی یہ بھی کیا ہے؟ غیر منقولی بھئی۔ اور کچھ چیزیں منقولی ہیں، ان کے علاوہ باقی ساری چیزیں کیا ہیں؟ منقول، چاہے گاڑی ہے، چاہے بڑی سے بڑی مشینری ہے، چاہے بڑے سے بڑا جہاز ہے، سب کیا ہیں؟ ایک جگہ سے دوسری جگہ کیا ہوتے ہیں؟ منتقل ہوتے ہیں، منتقل ہوتے ہیں۔
اب یاد رکھو ضابطہ، بڑا قیمتی ضابطہ ہے مولانا، لکھ لیں تو اچھی بات ہے: مبیع منقولی میں قبل القبض تصرف جائز نہیں۔ مبیع منقولی میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز نہیں۔ کیا لکھوایا؟ مبیع منقولی میں قَبْلَ الْقَبْضِ، قبضہ نہیں ہوتا بھئی، قَبْلَ الْقَبْضِ، قاف دو نقطوں والا، باء اور ضاد۔ مبیع منقولی میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف، تَصَرُّفٌ صاد کے ساتھ ہے، تصرف جائز نہیں، جبکہ ثمن میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز ہے۔ جبکہ ثمن میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز ہے۔
ضابطہ سمجھ میں آیا بھئی؟ لکھ لیا؟ جی۔ پہلا ضابطہ کیا لکھا بھئی؟ مبیع منقولی میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز نہیں۔ سب کی زبان مجھے ہلتی ہوئی نظر آئے بھئی، مجھے بھی پتہ ہے آپ سمجھ گئے ہیں لیکن میرا مقصد ہوتا ہے بار بار اس کو دہرائیں، تکرار کریں بھئی تاکہ ذہن میں چیز اچھی طرح بیٹھ جائے۔ تو پہلا ضابطہ کیا ہوا کہ مبیع منقولی میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز نہیں، اور جبکہ ثمن میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز ہے۔ بڑا قیمتی ضابطہ ہر بیع کے اندر یاد رکھنا بھئی ورنہ بیع فاسد بہت سی جگہوں پر بیع فاسد ہو جاتی ہے۔
مبیع منقولی، کوئی منقولی چیز ہے مولانا یعنی کوئی بھی چیز سوائے جاگیر مکان وغیرہ نکال کر، اس کو جب آدمی اس کی بیع کر لے تو جب تک اس پر قبضہ نہ کر لے، اس کے قبضے میں نہ آ جائے اس وقت تک آگے اس کے اندر کوئی اس کو بیچنا وغیرہ یا تصرف کرنا جائز نہیں۔ دیکھو مثال سے بات واضح ہو گی۔ میں نے آپ سے ایک کتاب خریدی، میں نے آپ سے کہا یہ جو آپ کی کتاب ہے میں نے آپ سے سو روپے میں خرید لی، آپ نے کہا بھئی میں نے آپ کو یہ کتاب سو روپے میں بیچ دی۔ ایجاب و قبول ہو گیا، ابھی میں نے آپ سے کتاب لی ہے؟ نہیں۔ ابھی سو روپیہ آپ نے مجھ سے لیا ہے؟ نہیں۔ تو ابھی نہ میں نے کتاب لی ہے نہ آپ نے مجھ سے سو روپے لیے ہیں، تو دونوں چیزیں قَبْلَ الْقَبْضِ ہیں، ابھی دونوں میں سے کسی پر بھی قبضہ نہیں ہوا۔ تو ایک ہے مبیع ایک ہے ثمن۔ مبیع کیا چیز ہے؟ کتاب، اور ثمن کیا چیز ہیں؟ سو روپے۔ تو یاد رکھیے مبیع کے اندر قبضے سے پہلے تصرف کرنا جائز نہیں۔
بھئی میں نے جب کتاب بیع ہو گئی ایجاب بھی ہو گیا قبول بھی ہو گیا، مالک کون ہے کتاب کا اب؟ کون مالک بن چکا؟ مشتری کتاب کا مالک بن چکا بھئی، صرف قبضہ بائع کا ہے اب لیکن مالک دراصل کون ہے اب؟ مشتری ہے۔ اب مشتری کیا کرتا ہے اس کتاب کے اندر تصرف کرتا ہے، بائع کو کہتا ہے بھئی آپ نے وہ مجھے کتاب دینی تھی یوں کریں اس کتاب کے بدلے مجھے قلم دے دیں۔ کیا دے دیں؟ قلم، کتاب کے بدلے مجھے قلم دے دیں۔ تو یہ کس کے اندر تصرف کر رہا ہے؟ مبیع میں، اور قَبْلَ الْقَبْضِ ہے یا قبضے کے بعد کر رہا ہے تصرف؟ قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف کرنا چاہتا ہے اور مبیع میں قبضے سے پہلے کسی قسم کا تصرف کرنا جائز نہیں، سمجھ میں آیا؟ شرعاً ناجائز ہے یہ مولانا۔ صورت سمجھ میں آ گئی؟ لہٰذا اگر میں اس سے قلم لینا چاہتا ہوں اس کے بدلے تو پہلے اس سے کتاب وصول کروں گا، کتاب میرے قبضے میں آ گئی اب میں اس کو کہوں گا لو بھئی اس کتاب کے بدلے مجھے کیا کرو؟ قلم دے دو۔ تو مبیع کے اندر قبضے سے پہلے تصرف کرنا جائز نہیں۔
مثلاً پھر دیکھو کتاب ابھی اس کے پاس تھی مولانا، ابھی میں نے کتاب وصول نہیں کی، میں نے اپنے ایک اور ساتھی کو کہا بھئی میں آپ کو وہ کتاب تحفے کے طور پر دیتا ہوں۔ کیا کرتا ہوں؟ تحفے کے طور پر آپ کو دیتا ہوں۔ نہیں مولانا یہ درست نہیں ہے کیونکہ میں کیا کر رہا ہوں؟ قَبْلَ الْقَبْضِ مبیع میں تصرف کر رہا ہوں، قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف کرنا میرے لیے جائز نہیں۔ صورت سمجھ میں آئی؟ یا مولانا کتاب ابھی اس کے پاس ہے کتاب اس نے مجھے نہیں دی، میں آپ سے بات کر لیتا ہوں بھئی میرے پاس ایک کتاب ہے فلاں قسم کی اگر آپ خریدنا چاہتے ہیں تو میں آپ کو ایک سو بیس روپے میں دے دیتا ہوں۔ اب میں کتاب کو آگے بیچ رہا ہوں بھئی کتاب کا مالک تو میں ہوں میں بیچ سکتا ہوں، لیکن اس وقت جو کیفیت ہے کتاب میرے قبضے میں آئی ہے؟ نہیں۔ اور قبضے سے پہلے ہی میں اس کی آگے بیع کرنا چاہ رہا ہوں، یاد رکھو یہ بیع جائز نہیں کیونکہ یہ مبیع میں تصرف ہے قَبْلَ الْقَبْضِ، اور مبیع میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز نہیں ہے۔
جبکہ اس کے مقابلے میں ثمن میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز ہے۔ میں نے کتنے پیسے آپ کے دینے تھے؟ سو روپیہ دینا تھا، بیع ہو چکی ہے آپ مجھے کہتے ہیں بھئی وہ آپ نے میرے سو روپے دینے ہیں یوں کریں اس سو روپے کے بدلے مجھے قلم دے دیں۔ یہ آپ کر سکتے ہیں، یہ آپ کے لیے جائز ہے کیونکہ آپ کس چیز کے اندر تصرف کر رہے ہیں؟ ثمن کے اندر تصرف کر رہے ہیں اور ثمن میں قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز ہے۔ ابھی آپ نے وہ سو وصول کیے نہیں اسی کے اندر خود تبدیلی کر رہے ہیں اور اس کے عوض میں کیا لے رہے ہیں؟ قلم، تو یہ جائز ہے۔ مسئلہ سب کو سمجھ میں آ گیا؟ مبیع منقولی کے اندر قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز نہیں اور ثمن کے اندر قَبْلَ الْقَبْضِ تصرف جائز ہے۔
یہ تو ضابطہ نمبر ایک تھا۔ ایک اور ضابطہ بھی لکھ لیجئے بھئی، ایک اور فرق بھی مبیع اور ثمن میں: مبیع ہلاک ہو جائے تو بیع ہی فسخ ہو جاتی ہے۔ مبیع ہلاک ہو جائے تو بیع ہی فسخ ہو جاتی ہے، جبکہ ثمن ہلاک ہو جائے تو بیع فسخ نہیں ہوتی۔ جبکہ ثمن ہلاک ہو جائے تو بیع فسخ نہیں ہوتی بلکہ ثمن ذمہ میں باقی رہیں گے۔ بلکہ ثمن ذمہ میں باقی رہیں گے چاہے مشار الیہ ثمن ہی ہلاک ہو جائیں۔ چاہے مشار الیہ ثمن ہی ہلاک ہو جائیں۔
ضابطہ سمجھ میں آیا بھئی؟ لکھ لیا؟ جی۔ دوسرا ضابطہ کیا ذکر ہوا کہ مبیع اگر ہلاک ہو جائے تو بیع کیا ہو جاتی ہے؟ فسخ ہو جاتی ہے، لیکن اگر ثمن ہلاک ہو جائے تو بیع فسخ نہیں ہوتی بلکہ ثمن اس مشتری کے ذمہ میں باقی رہتے ہیں چاہے مشار الیہ ثمن ہی کیوں نہ ہلاک ہو جائے۔ صورت وہی بناؤ، میں نے آپ سے کتاب خریدی ایجاب و قبول ہو گیا، کتاب ابھی آپ کے پاس ہے اور ثمن ابھی میرے پاس ہیں بھئی مشتری کے پاس۔ کتاب ابھی آپ نے مجھے دی نہیں کہ اچانک فرض کرو کتاب آپ کے ہاتھ سے چھوٹی آگ میں گری جل گئی بھئی۔ بس مولانا بیع ہی کیا ہو گئی؟ فسخ ہو گئی کیونکہ مبیع ہی نہ رہا، مبیع ہلاک ہو گیا۔ بیع کی ہی کس چیز کی تھی میں نے؟ کتاب کی، اور اب اس کتاب کا وجود رہا؟ نہیں۔ تو مبیع ہلاک ہوا تو بیع بھی کیا ہو گئی؟ فسخ ہو گئی۔ صورت سمجھ میں آ گئی؟ جی۔
لیکن اگر ثمن ہلاک ہو جائیں تو بیع فسخ نہیں۔ میں نے بھئی اس کو دینے کے لیے جیب سے سو روپیہ نکالا، ابھی میں نے اس کو دیا نہیں اچانک ایک آدمی نے کیا کیا؟ ہاتھ مارا چھینے اور اٹھا کر فوراً دریا میں پھینک دیے، یا میرے ہاتھ سے ہی گرے وہ نوٹ ہاتھ سے چھوٹا ہوا سے ایک دم آگ میں گرا اور جل گیا۔ ثمن کیا ہوئے مولانا؟ ہلاک ہوئے لیکن کیا بیع فسخ ہو گی؟ نہیں مولانا۔ اس نوٹ کے لیے بیع ہوئی تھی؟ یہ نوٹ تو میرے ذمے تھا اتنے پیسے دینا میرے ذمے تھے چاہے میں یہی نوٹ دوں اب چاہے دوسرا، یہ تو ختم ہو گیا اب میرے ذمے سو روپیہ ہے میں کہیں اور سے لا کر اس کو دوں گا۔ چاہے مشار الیہ ثمن ہی کیوں نہ ہلاک ہو جائے بھئی۔ سو کا نوٹ میں نے یہاں رکھا تھا اور بیع یوں کی تھی بھئی ان پیسوں کے بدلے یہ کتاب میں نے آپ سے خرید لی، انہوں نے کہا بھئی ان پیسوں کے بدلے یہ کتاب میں نے آپ کو بیچ دی۔ اچھا تو اب دیکھیے ثمن مشار الیہ ہے میں نے اس کی طرف باقاعدہ اشارہ کیا ہے، لیکن یاد رکھو ثمن تعیین سے متعین نہیں ہوتے۔ اب یہ نوٹ بھی چاہے جل جائے کوئی حرج نہیں مولانا، بیع پھر بھی فسخ نہیں ہو گی بلکہ میرے ذمہ کیا ہو گا؟ سو روپیہ میں لا کر دوں۔
صورت سمجھ میں آ گئی؟ تو مبیع ہلاک ہو جائے تو بیع کیا ہو جاتی ہے؟ فسخ، کیونکہ بیع ہوئی ہی اسی چیز کے لیے تھی وہ چیز ہی نہ رہی تو بیع کس چیز پر ہو؟ اور ثمن ہلاک ہو جائے تو بیع فسخ نہیں بلکہ وہ اس کے ذمہ میں رہیں گے چاہے مشار الیہ ثمن ہی کیوں نہ ہلاک ہو جائے۔
چلیے مولانا، ہٰذَا ہُوَ الْمَرَامُ وَاللّٰہُ أَعْلَمُ بِحَقِیْقَۃِ الْکَلَامِ۔